Oct ۰۴, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹرمپ کی حالت تشویشناک، 48 گھنٹے کافی اہم

وائٹ ہاؤس کے ایک اعلی عہدیدار نے ٹرمپ کے معالج کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ کی حالت ابھی تک سنبھلی نہیں اور فی الحال کورونا سے ان کے صحت یاب ہونے کی کوئی واضح علامات سامنے نہیں آئی ہیں۔۔

فارس خبر ساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک اعلی عہدیدار نے اپنا نام فاش نہ ہونے کی شرط پر کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹرمپ کی حالت تشویشناک رہی اور آئندہ 48 گھنٹے ان کی صحت کے حوالے سے کافی اہم ہیں۔

ٹرمپ کے ڈاکٹر سین کنلی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے  یہ بتائے بغیر کہ ٹرمپ کو اسپتال سے کب ڈسچارج کیا جائے گا، دعوی کیا کہ ان کی حالت بتدریج ٹھیک ہو رہی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ صدر کی طبیعت مکمل بحال ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کو جمعہ کو اسپتال منتقل کرنے سے پہلے آکسیجن لگانے کی ضرورت پیش آئی تھی۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخابات سے ایک ماہ قبل کورونا وائرس میں مبتلا امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بخار اور کھانسی  کے بعد ہفتے کے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ اس سے قبل ان کا وائٹ ہاؤس ہی میں علاج شروع کیا گیا تھا۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کو بخار، سینے میں درد اور کھانسی ہے۔ ان میں کوویڈ 19 کی درمیانے درجے کی علامات بھی ظاہر ہوئی ہیں۔

اسپتال منتقلی کی وجہ سے صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام ایونٹس ملتوی یا ورچوئل کر دیے گئے ہیں۔

امریکہ میں کیے گئے سروے کے نتائج بھی سامنے آئے ہیں جس میں 40 فیصد ڈیموکریٹ ووٹرز نے ٹرمپ کی صدارتی مہم متاثر ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، جبکہ 17 فیصد ری پبلیکن ووٹرز کو ٹرمپ کے کورونا سے متاثر ہونے پر حیرانی ہوئی ہے۔

ٹیگس