ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں کورونا پھیلا دیا، 34 مبتلا
کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے وائٹ ہاوس کے کارکنوں اور عہدیداروں کی تعداد چونتیس ہوگئی ہے۔
ہل نیوز کے مطابق امریکہ میں وبائی امراض سے متعلق وفاقی ادارے ایف ای ایم اے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد سے اب تک وائٹ ہاوس میں کورونا وائرس کے مزید چونتیس کیس سامنے آچکے ہیں۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں میں اعلی سرکاری عہدیدار بھی شامل ہیں۔
اس سے پہلے بتایا گیا تھا کہ وائٹ ہاؤس سے قریبی رابطے میں رہنے والے چوبیس افراد کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ ٹرمپ کے دو مشیران اعلی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جن کے نام اسٹیفن ملر اور ہوپ ہکس بتائے جاتے ہیں۔
وائٹ ہاوس کی ترجمان کلی مک انانی سمیت متعدد ملازمین کے علاوہ ریبپلکن پارٹی کی قومی کمیٹی کی سربراہ رونا مک ڈینیل اور ٹرمپ کی انتخابی کمیٹی کے سربراہ بل اسٹیفن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
ٹرمپ کی جانب سے کورونا وائرس کے مقابلے میں اپنی حکومت کے اقدامات کو موثر قرار دیے جانے کے باوجود اس موذی وائرس میں مبتلا مریضوں اور اموات کے لحاظ امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔