نیو اسٹارٹ معاہدے کے سلسلے میں امریکہ کو روس کا انتباہ
روس کے نائب وزیر خارجہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو نیو اسٹارٹ معاہدے کے سلسلے میں امریکہ کو کوئی چھوٹ نہیں دے گا۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا کہ ماسکو، اسٹارٹ نیو معاہدے کی مدت بڑھانے کے سلسلے میں واشنگٹن کی جانب سے مایوس کن علامتیں دیکھ رہا ہے۔ ریابکوف نے کچھ دنوں پہلے کہا تھا کہ روس ، امریکہ کے ساتھ اسلحہ جاتی معاہدے کے قریب نہیں پہنچا ہے ۔
امریکہ میں روس کے سفیر آناتولی آنتونوف نے بھی کہا ہے کہ ابھی واضح نہیں کہ روس و امریکہ کے درمیان اسلحوں کے کنٹرول کا کوئی معاہدہ طے پا سکے گا ۔ امریکہ میں روس کے سفیر نے اسلحوں پر کنٹرول کے حوالے سے چین پر واشنگٹن کے دباؤ کو ناقابل قبول قرار دیا ۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکہ، دوہزار انیس میں انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلئیر فورس معاہدہ " آئی این ایف" سے باہر نکل چکا ہے اور اب نیواسٹارٹ نامی اسٹریٹیجک ہتھیاروں میں کمی کا معاہدہ بھی جلد ہی دم توڑنے والا ہے ۔