صدارتی انتخابات کے موقع پرامریکہ میں فائرنگ، 3 ہلاک
وائی جے سی نے امریکی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ امریکی ریاست نیواڈا کے شہر ہینڈرسن میں یہ فائرنگ منگل کی شب ہوئی جس میں تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے مسلح حملہ آور کو موقع پر ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ابھی تک حملہ آور اور اسکے محرکات کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ ہر سال ہزاروں امریکی شہری برسہا برس سے ملک میں رائج گن کلچر کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق امریکہ میں عوام کے پاس دوسو ستر ملین سے لے کر تین سو ملین تک اسلحے موجود ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ ہر امریکی اوسطا ایک ہتھیار کا مالک ہے۔
چند روز قبل مبصرین اور امریکی ذرائع ابلاغ نے انتخابات کے بعد امریکہ میں بلوا اور فسادات کی آگ بھڑک اٹھنے کی بابت خبردار کیا تھا جس کے پیش نظر امریکی ریاستوں میں ہائی سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا اور ماحول کو پر امن رکھنے کے لئے سکیورٹی ایجنسیوں کے علاوہ فوجیوں کی بھی شہروں میں تعیناتی کی گئی ہے۔