Nov ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور پاکستان کے ہائی کمشنر وزارت خارجہ میں طلب

ہندوستان اور پاکستان نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے ہوئےہائی کمشنروں کو وزارت خارجہ میں طلب کر لیا۔

ہندوستان نے پاکستان ہائی کمیشن کے انچارج کو طلب کرکے جیش محمد کی 19 نومبر کو جموں و کشمیر کے نگروٹہ میں ناکام کئے گئے دہشت گردانہ حملے کے بعد اسکی منصوبہ بندی کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی سلامتی کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے گا۔

ہندوستانی وزارت خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کے انچارج سے مطالبہ کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین دہشت گردوں کو استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔

ادھر پاکستان نے ہندوستانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے پاکستان مخالف الزامات پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہندوستانی وزیر اعظم کے ذریعے لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی الزامات کشمیر کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ہندوستان کے وزیر اعظم  مودی نے کشمیر کے علاقے نگروٹہ میں مبینہ دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان ایک دوسرے پر دہشتگردی کو بڑھاوا دینے، اپنی سرزمین دہشتگردوں کے استعمال میں دینے اور کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات عائد کرتے ہیں۔

ٹیگس