Dec ۰۳, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۰ Asia/Tehran
  •   ٹرمپ نے انتخابات میں دھاندلی کے دعوے کو پھر دہرایا

امریکہ کے صدر نے ایک بار پھر صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے دعوے کو دہرایا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے ووٹوں کی گنتی کا عمل طولانی ہونے اور نتائج کے اعلان میں تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے انتخابات کے روز ہی کچھ کہنے کے لئے ہوتا تھا لیکن اب کئی دن بلکہ کئی ہفتے اور مہینے تک انتخابات جاری رہتے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کا انتخابی نظام ، مختلف فریقوں کی جانب سے ہم آہنگ حملوں کے زیر اثر آگیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کے مخالفین ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں گویا انتخابات کے نتائج کی پہلے سے خبر رکھتے ہوں ۔

درایں اثنا امریکہ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فلین نے ٹرمپ سے کہاہے کہ صدارتی انتخابات دوبارہ کرائے جائیں۔روزنامہ ہافینگٹن پوسٹ نے اپنے انٹرنیٹ ایڈیشن میں لکھا ہے کہ مائیکل فلین نے امریکی صدر ٹرمپ سے صدارتی انتخابات دوبارہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مائیکل فلین نے اپنے ٹوئٹ میں " ہم عوام " نامی ایک سیاسی گروہ کا بیان پیوست کیا ہے جس میں امریکہ میں صدارتی انتخابات دوبارہ کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔اس سیاسی گروہ نے اپنے بیان میں ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوجی حکومت کا اعلان اور عارضی طور پر آئین کو معطل کرکے نئے سرے سے صدارتی الیکشن کرائیں ۔

یاد رہے کہ ڈوالڈ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے اپنے ایک ٹوئٹ میں مائیکل فلین کو معاف کردینے کی خبر دی تھی ۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے مائیکل فلین کو ایسی حالت میں معافی دی ہے کہ وہ دوہزار سترہ میں ایف بی آئی سے جھوٹ بولنے کا اعتراف کرچکے ہیں ۔ڈونالڈ ٹرمپ نے تین نومبر کو امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن کو زیادہ عوامی اور الکٹورل ووٹ حاصل ہونے کے باوجود اب تک سرکاری طور پر اپنی شکست تسلیم نہیں کی ہے ۔

 

ٹیگس