آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ہندوستان کی پہلی کامیابی
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے بیس بیس اوور کے پہلے میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد گیارہ رن سے ہرا دیا۔
آسٹریلیا کے اوول اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ہندوستان کی جانب سے راہول اور دھون پہلے بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے مگر ان کی شراکت تا دیر قائم نہ رہ سکی اور دھون صرف ایک رن بنا کر، میشل اسٹارک کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے، اس وقت ہندوستان کا مجموعی اسکور صرف گیارہ رن تھا۔ بعد میں آنے والے کھلاڑی بھی آسٹریلوی بولروں کے سامنے جم نہ سکے اور ہندوستان کی ٹیم مقررہ بیس اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر صرف ایک سو اکسٹھ رن ہی بناسکی۔ہندوستان کی جانب سے سب زیادہ رن راہل اور جڈیجا نے بنائے اور دونوں نے ایک ایک چھکا اور پانچ پانچ چوکے لگائے اور اپنی ٹیم کے اسکور میں بالتریب اکاون اور چوالیس رن کا اضافہ کیا۔
بعد ازاں آسٹریلیا نے ہندوستان کی جانب سے دیئے گئے ایک سو باسٹھ رن کے ہدف کے لئے بلے بازی کا آغاز کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے شارٹ اور فنچ، اوپننگ کے لیے آئے اور کافی دیر تک کریز پر جمے رہے۔ دونوں نے مل کر ٹیم کے اسکور کو چھپن رن تک پہنچا دیا۔ ہندوستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب آسٹریلیا کے فنچ ، چہل کی بول پر ہاردیک پانڈیا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ انہوں نے پینتس رن بنائے۔ بعد ازاں اسٹیو اسمتھ میدان پر اترے لیکن وہ صرف بارہ رن بنا کر چہل کی گیند پر کیچ آوٹ ہوکر پولین میں لوٹ گئے۔ اس کے بعد میکس ویل میدان میں آئے اور ابھی دو ہی رن بنائے تھے کہ نٹرنجن نے انہیں ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ ایک سو تیرہ رن پرگری جب شارٹ چونتیس رن بنا کر ٹرنجن کی بول پر پانڈیا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی ہندوستانی بولروں کا مقابلہ نہ کرسکے اور یکے بعد دیگرے تین ویکٹیں گر جانے سے آسٹریلیا کی جیت کا امکان معدوم ہوگیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ بیس اوور میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف ایک سو پچاس رن بنا سکی۔ اس طرح ہندوستان نے یہ میچ گیارہ رن سے جیت لیا۔
ہندوستان کی جانب سے چہل اور ٹرنجن نے تین تین جبکہ دیپک نے ایک وکٹ حاصل کیا۔