Dec ۱۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۴۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور اسرائيل کے درمیان تعلقات قائم ہو کر ہی رہیں گے: کوشنر

امریکی صدر کے داماد اور مشیر نے صیہونی حکومت کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کے قیام کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

جیریڈ کوشنر نے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کے قیام کے لیے مراکش کی تیاری کی خبر سامنے آنے  کے بعد کہا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائيل کے درمیان بھی تعلقات قائم ہو کر ہی رہیں گے اور اس سے بچا نہیں جا سکتا۔

رویٹرز کے مطابق امریکی صدر کے داماد اور مشیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب صرف وقت کا مسئلہ باقی بچا ہے اور جلد یا بدیر، ان دونوں حکومتوں کے درمیان تعلقات قائم ہو ہی جائيں گے۔

کوشنر کے اس بیان سے کچھ ہی پہلے امریکی صدر نے ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ مراکش، اسرائيل کے ساتھ مکمل طور پر تعلقات قائم کرنے کے لیے تیار ہو گيا ہے۔

مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان کی عارضی حکومت کے بعد اسرائيل سے تعلقات قائم کرنے والی مراکش کی سلطنت، چھٹی عرب حکومت ہے۔

امارات، بحرین اور سوڈان نے پچھلے مہینوں کے دوران امریکہ کے دباؤ میں آ کر اسرائیل سے تعلقات قائم کر لیے ہیں۔

ٹیگس