Dec ۱۳, ۲۰۲۰ ۰۸:۲۹ Asia/Tehran
  • 51 نمازیوں کے قتل عام کی رپورٹ جاری کر دی گئی

گزشتہ برس نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر ہوئے ہولناک دہشتگردانہ حملے کے سلسلے میں 800 صفحات اور دس ابواب پر مشتمل رپورٹ اردو سمیت دنیا کی 12 زبانوں میں شا‏ئع کی جا رہی ہے۔

نیوزی لینڈ کی حکومت نے مارچ 2019 میں کرائسٹ چرچ شہر کی دو مساجد میں ہونے والے دہشت گردی کے بدترین واقعے کی اعلیٰ تفتیشی رپورٹ عام کردی۔

تقریبا 800 صفحات پر مشتمل انگریزی رپورٹ کو 10 ابواب میں شائع کیا گیا اور جلد ہی اردو سمیت دنیا کی دیگر 12 زبانوں میں بھی شائع کر کے عام کر دیا جائے گا۔

 یواین آئی کے مطابق مذکورہ رپورٹ نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے اس بدترین واقعے کی تفتیش کے لیے بنائی گئی خصوصی تفتیشی کمیشن ’رائل کمیشن‘ نے جاری کی۔

کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر آسٹریلوی نژاد سفید فارم دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ نے 15 مارچ 2019 کو حملہ کر کے 51 نمازیوں کو شہید جب کہ متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔ سفاک دہشت گرد کو اسی دن نیوزی لینڈ پولیس نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ مبینہ طور پر تیسری مسجد پر حملے کے لئے آگے بڑھ رہا تھا۔

اگلے ہی روز دہشت گرد پر الزامات عائد کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی تھی اور ایک سال تک قانونی کارروائی چلنے کے بعد رواں برس 27 اگست کو اسے نیوزی لینڈ کی تاریخ کی بدترین سزا سنائی گئی تھی۔

 

ٹیگس