Dec ۲۲, ۲۰۲۰ ۰۷:۵۷ Asia/Tehran
  • برطانیہ میں اشیائے خوردو نوش میں قلت کا خدشہ

بوریس جانسن نے برطانوی عوام کو پرسکون رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں خوراک و ادویات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے برطانیہ میں اشیاء خورد و نوش میں قلت سے متعلق خدشات دور کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام معمول کے مطابق شاپنگ کریں، خوراک، ادویات کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔

کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر بورس جانسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بندرگاہ ڈوور پر بحران کے حل کیلئے فرانسیسی حکام سے گفتگو جاری ہے۔

بورس جانسن نے کہا کہ  نئے وائرس سے متعلق مختلف ممالک کے تحفظات سے آگاہ ہیں، 5 لاکھ افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ٹرک ڈرائیورز کے ذریعے وائرس پھیلنے کا امکان انتہائی کم ہے، بندرگاہ ڈوور سے آنے والی اشیاء، مجموعی مقدار کا صرف 20 فیصد ہیں۔

بورس جانسن نے کہا کہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے بات ہوئی ہے اور مسئلے کا حل چند گھنٹوں میں سامنے آ سکتا ہے۔

ادھر بتایا جاتا ہے کہ شہریوں کو لندن سے باہر جانے سے روکنے کیلئے ریلوے اسٹیشن پر اضافی پولیس دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

 فرانس، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، جرمنی، بیلجیم، آسٹریا، بلغاریہ، ترکی، اٹلی، کینیڈا  سمیت ایشیائی ملکوں  نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کردیں ہیں۔ ہزاروں برطانوی شہری مختلف ممالک میں پھنس کر رہ گئے۔ 

ٹیگس