Jan ۱۱, ۲۰۲۱ ۰۱:۰۰ Asia/Tehran
  •  انڈونیشیا، طیارہ حادثے کے تعلق سے بڑی پیشرفت

انڈونیشیا کے حکام نے بتایا ہے کہ بدنصیب طیارے کے دو بلیک باکس تلاش کر لیے گئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتے کے روز لاپتہ ہونے والے انڈونیشیا کے مسافر بردار طیارے بوئنگ 737 کا ملبہ اور انسانی اعضا سمندر سے مل گئے ہیں جنہیں نکال لیا گیا ہے۔ جب کہ طیارے کے دو بلیک باکس بھی تلاش کئے جا چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بلیک باکس سے جلد معلومات حاصل کرلی جائے گی۔ وری وجائیا ایئر کے طیارے میں عملے سمیت 62 افراد سوار تھے جن میں 10 بچے بھی شامل تھے۔

جکارتہ پولیس کے ترجمان یسری یونس نے خبر ایجنسی کو بتایا ہے کہ بڑے پیمانے پر کیے گئے سرچ آپریشن کے بعد آج صبح  ہمیں دو بیگز ملے ہیں، ایک میں کسی مسافر کا سامان تھا جب کہ دوسرے میں انسانی اعضا تھے۔

واضح رہے کہ ہفتے روز انڈونیشیا کے درالحکومت سے اُڑان بھرنے والے سری وجیہ ایئر کے بوئنگ 737 طیارے کا تھوڑی دیر بعد ہی کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا، طیارے کے لاپتہ ہونے کے فوری بعد سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا تھا۔

حالیہ برسوں میں اسی ماڈل کے دو طیارے حادثات کا شکار ہوئے ہیں، اکتوبر 2018 میں بھی انڈونیشیا کی لائن ایئر کی ایک پرواز سمندر برد ہو گئی تھی جس میں 189 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

 

 

ٹیگس