عالمی ماہرین کی ٹیم چین پہنچ گئی
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا پتہ لگانے کی غرض سے عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کی ایک ٹیم چین کے شہر ووھان پہنچ گئی ہے۔
دنیا کے دس ملکوں کے ماہرین پر مشتمل ایک بین الاقوامی وفد چین پہنچ گیا ہے جو چینی ماہرین کے ساتھ مل کر ووہان شہر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق تحقیقات کرے گا۔
عالمی ادارہ صحت کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ووہان میں کورونا وائرس کے آغاز کا پتہ لگانے کی غرض سے کی جانے والی تحقیقات میں وقت لگ سکتا ہے۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چو ننگ نے کہا ہے کہ اس بات کا پتہ لگانا کافی دشوار ہے کہ ووہان میں کورونا وائرس کی اصل وجہ کیا تھی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت عالمی ماہرین کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بعض ملکوں نے چین پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے معاملے کو چھپانے کا الزام عائد کیا ہے تاہم بیجنگ ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس امریکہ یا دنیا کے کسی اور ملک سے چین پہنچا ہے۔