بنگلہ دیش میں پناہ گزینوں کے کیمپ میں آتشزدگی
میانمار سے ملنے والی بنگلہ دیش کی سرحد پر واقع بے گھر روہنگیا مسلمانوں کے ایک کیمپ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پناہ گزین نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی بنگلہ دیش میں نیاپارہ پناہ گزین کیمپ میں وسیع پیمانے پر آتشزدگی کے واقعے کے بعد اس کیمپ کے رہائش پذیر روہنگیا مسلمانوں کی صورت حال اور بھی زیادہ بدتر ہو گئی ہے۔ آگ لگنے کے واقعے میں اس کیمپ کے پناہ گزینوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
پچیس اگست دو ہزار سترہ کو میانمار کے صوبے راخین میں اس ملک کی فوج اور انتہا پسند بودائیوں کے ہاتھوں روہنگیا مسلمانوں کے بھیانک قتل عام کے بعد اس ملک کے دس لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔
میانمار میں کئے جانے والے اس قتل عام کے بعد اقوام متحدہ نے اس اقدام کو میانمار میں کی جانے والی نسلی تطہیر اور قومی صفائے سے تعبیر اور میانمار کی فوج کو دنیا کی بدنام ترین فوج قرار دیا تھا۔