Jan ۲۴, ۲۰۲۱ ۲۰:۲۴ Asia/Tehran
  • دنیائے مغرب میں کورونا کی بحرانی صورت حال

مغربی دنیا میں کورونا کا قہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے جبکہ یورپی حکومتوں نے انسداد کورونا مہم کے تحت سختیاں بڑھا دی ہیں۔ دوسری جانب امریکا میں کورونا سے یومیہ چار ہزار سے زائد ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

یورپی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانسیسی ڈاکٹروں نے کورونا کی بحرانی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران گاڑیوں میں اپنا منھ بند رکھیں اور کوئی بات چیت نہ کریں۔

فرانسیسی میڈیکل اکیڈمی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگ میٹرو، سٹی بسوں اور اسی طرح عمومی مقامات پر فاصلوں کا خیال رکھیں اور منھ بند رکھیں یہاں تک کہ موبائل فون سے بھی کسی سے کوئی بات نہ کریں تاکہ کورونا کی بحرانی صورت حال پر کچھ قابو پایا جا سکے۔

فرانس میں اب تک بہتر ہزار سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا ہو کر موت سے ہمکنار ہو چکے ہیں جبکہ اس وقت اکتوبر کے مقابلے میں کہیں زیادہ لوگ اسپتالوں میں ایڈمٹ ہیں اور بعض ماہرین نے فرانس میں تیسرے قرنطینے کی صلاح تک دے ڈالی ہے۔

ادھر برطانیہ میں بھی کورونا کی بحرانی صورت حال شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور کورونا میں مبتلا اور اس بیماری میں دم توڑ جانے والے لوگوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یورپی ملکوں کے سربراہوں نے جمعرات کے روز ایک ویڈیو کانفرنس میں کورونا کے مسائل و بحران اور خاص طور سے برطانوی کورونا کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یورپ کے سرمایہ کار بینک نے بھی کورونا کے باعث سرمایہ کاری میں شدید کمی کی بابت سخت انتباہ دیا ہے۔

دریں اثنا ورلڈو میٹرز سینٹر نے امریکہ میں کورونا کے نتیجے میں موت سے ہمکنار ہونے والوں کی تعداد چار لاکھ ستائیس ہزار سے زائد بتائی ہے۔ ورلڈو میٹرز کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد دو کروڑ پچپن لاکھ چھیاسٹھ ہزار کو تجاوز کر گئی ہے جن میں سے چار لاکھ ستائیس ہزار چھے سو پینتیس افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

اس وقت صورت حال یہ ہے کہ امریکہ میں ہر ایک منٹ میں تین امریکی شہری کورونا سے دم توڑ رہے ہیں۔امریکہ کے نئے صدر جوبائیڈن نے گذشتہ جمعرات کو امریکہ میں کورونا کی صورت حال مزید بدتر ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ میں آئندہ ماہ تک مرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔

دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہی ہے جہاں اس وبائی مرض میں مبتلا اور اس وائرس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ حفظان صحت کے امریکی ماہرین اپنے ملک کی سابق ٹرمپ حکومت کی نادرست کارکردگی کو امریکہ میں کورونا بحران کے اس حد تک شدت اختیار کرجانے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

ٹیگس