ویکسینیشن کے بعد کیا کورونا پر قابو پایا جا سکے گا ؟
ویکسینیشن کے بعد بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ایک سینئر افسر نے مستقبل میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن کے بعد بھی کورونا وائرس کے مسلسل پھیلاؤ کے خطرے کے تعلق سے وارننگ دی ہے۔
ڈبلیو ایچ او صحت پروگرام کے ایکزیکیٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل ریان نے ایک ورچوول پریس کانفرنس میں کہا کہ دنیا کو اس وائرس کے خاتمے یا ضائع ہونے کے آغاز کو ویکسینیشن کی کامیابی کا پیمانہ نہیں سمجھنا چاہئے۔ اس لئے کہ یہ کامیابی کا پیمانہ نہیں ہے۔ کامیابی کا پیمانہ اس وائرس کی جان لینے، لوگوں کو اسپتال میں داخل کرانے اور ہماری معاشی اور سماجی زندگی کو تباہ کرنے کی صلاحیت کو کم یا ختم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کی وجہ سے ہم اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی سطح تک نہیں پہنچ پائیں گے اس لئے کہ اس کے پھیلاؤ کے جاری رہنے کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے پیش نظر ممالک کو ممکنہ طور پر 2021 تک اس وائرس سے نجات کی توقع نہیں کرنی چاہئے۔ اور ہمیں اس سطح پر پہنچنا ہوگا جہاں سے وائرس پر قابو پایا جاسکے۔