امریکی پارلیمنٹ پرحملہ کرنے والوں کو 20 سال تک کی سزا
امریکی پارلیمنٹ پر حملے کے الزام میں 400 افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں تاہم حملہ کرنے پر 150 سے زائد افراد کے خلاف الزامات عائد کر دیئے گئے۔
مظاہرین پر پولیس پر حملے اور پارلیمانی کارروائی میں خلل ڈالنے سمیت دیگر سنگین الزامات شامل کیے گئے ہیں۔ جس میں20 سال تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی مواخذے کی کارروائی کا سامنا ہے، توقع ہے سینیٹ 9 فروری کو ٹرمپ کے خلاف مواخذے کے مقدمے کی سماعت کا آغاز کرے گا۔
امریکی سینیٹ میں سابق صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کے لیے ایوان نمائندگان نے آرٹیکل جمع کرا دئیے۔ ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل کیا جائے۔ سابق صدر پر کیپیٹل ہل پر حملے کیلئے لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے۔ موجودہ صدر جو بائیڈن نے اس حملے کو ملک کے خلاف بغاوت قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی پارلیمنٹ پر حملے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔