Feb ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۷:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران سے مقابلہ بائیڈن حکومت کی خارجہ ترجیحات میں سرفہرست، ایک اور ٹیم بنانے کا فرمان جاری

امریکہ نے اپنے خیال میں اپنے سخت حریف ایران کو مغلوب کرنے کے لئے، مختلف نظریات کے حامل سیاستدانوں اور سفارتکاروں پر مبنی ایک اور خصوصی ٹیم بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

فارس نیوز کے مطابق امریکی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ وزیر خارجہ اینٹونی بلینکن نے ایران کے امور میں حکومت کے خصوصی نمائندے رابرٹ مالی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے سلسلے میں امریکہ کی آئندہ پالسیوں کے حوالے سے مختلف نظریات کے حامل سیاسی مبصرین اور سفارتکاروں کی مدد سے ایک اور ٹیم تشکیل دیں۔

کہا جا رہا ہے کہ بلینکن نے حتیٰ رابرٹ سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے سلسلے میں انتہا پسندانہ نظریات کے حامل افراد کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائے۔ رابرٹ اس وقت ایران کے بارے میں اپنی نئی ٹیم بنانے میں جُٹے ہیں اور اس ٹیم کے تیار ہو جانے کے بعد ایران کے سلسلے میں امریکہ کی اسٹریٹیجی اور اسکے کوائف مرتب کریں گے۔

خیال رہے کہ بائیڈن حکومت نے گزشتہ روز ایک بار پھر یہ اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ طے پانے والے جامع ایٹمی معاہدے میں پلٹنے کے خواہاں ہیں۔ امریکہ دوہزار اٹھارہ میں مذکورہ بین الاقوامی معاہدے سے یک طرفہ اور غیر قانونی طو پر خارج ہو گیا تھا جس کے بعد اسے بین الاقوامی سطح پر خاصی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

باوجود اس کے کہ امریکہ نے جامع ایٹمی معاہدے کو خود ہی غیر قانونی طور پر سبوتاژ کیا مگر اس کے باوجود بائیڈن حکومت اب تک بارہا یہ کہہ چکی ہے کہ امریکہ کی معاہدے میں واپسی ایران کی جانب سے معاہدے کی مکمل پاسداری پر منحصر ہے جبکہ ایران نے امریکہ اور یورپ کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے پیش نظر معاہدے پر عملدرآمد کی سطح کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے، بتدریج کم کیا ہے۔

ٹیگس