ترکی کے ساتھ تعلقات میں تبدیلیوں کے اشارے
Feb ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۱:۰۸ Asia/Tehran
روسی ساخت کے ایس 400 میزائیلی سسٹم پر ترکی کے ساتھ بائڈن انتظامیہ نے بات چيت شروع کر دی ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے دو ہفتے بعد ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور امریکی صدر کے اعلیٰ مشیروں کے مابین پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق رجب طیب اردوغان کے مشیر برائے خارجہ پالیسی ابراہیم کلن اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے شام، لیبیا، مشرقی بحیرہ روم، قبرص اور قرہ باغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق ابراہیم کلن نے جیک سلیوان کو بتایا کہ شام کے شمالی حصے میں کرد ملیشیا گروہوں کے لیے امریکی حمایت اور ترکی کی جانب سے روسی ایس -400 دفاعی نظام خریدنے کے معاملے پر دونوں ممالک کے مابین موجود اختلافات کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔