امریکہ کا بڑا اعتراف: ایران نے اپنے وعدوں پر عمل کیا
امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران نے سابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے نکلنے سے پہلے جوہری معاہدے پر اپنے وعدوں پر مکمل طور پر عمل کیا تھا۔
تسنیم کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان ند پرایس نے ایک پریس بریفنگ کے دوران اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر عمل کیا اور جوہری توانائی کے عالمی ادارے کی متعدد رپورٹیں بھی اس کی واضح مثالیں ہیں۔
امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کا جوہری توانائی کے عالمی ادارے پر مکمل اعتماد ہے اور جب جوہری معاہدے پر عمل در آمد ہو رہا تھا تو ایران بھی اس پر مکمل طور پر عمل کر رہا تھا اور جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے حکام بھی ایران کی کارکردگی سے راضی تھے۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ نے 8 مئی 2018 کو یکطرفہ طور پر جوہری معاہدے سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا اور جوہری معاہدے میں شامل دیگر ممالک نے بھی جوہری معاہدے کو بچانے کیلئے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا جس کے بعد ایران نے 5 جنوری 2020 کو جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں کو کم کرنے کا فیصلہ اور اعلان کیا۔