Feb ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۰ Asia/Tehran
  • امریکی کانگریس کی عمارت پر حملے کے سلسلے میں 300 سے زائد افراد  کے خلاف کیس درج

امریکی وزارت انصاف نے اعلان کیا ہے کہ کانگریس کی عمارت پر چھے جنوری کو کئے جانے والے حملے کے سلسلے میں اب تک تین سو سے زائد افراد کی شناخت کی جاچکی ہے۔

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے ڈپٹی اٹارنی جنرل جان کارلن نے کہا ہے کہ امریکی وزارت انصاف کی طرف سے  اب تک تین سو سے زائد افراد کے خلاف کیس دائر کیا جاچکا ہے جبکہ کم از کم دو سو اسی افراد کو اس سلسلے میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف تیز رفتار تحقیقات کا عمل بدستور جاری ہے۔  جان کارلن نے تاکید کی کہ اس حملے کے ذمہ داروں کو اپنے اس اقدام کا جواب دینا ہو گا۔

واضح رہے کہ چھے جنوری کو امریکی کانگریس کی عمارت پر اس ملک کے سابق صدر ٹرمپ دور حکومت میں ایسی حالت میں ان کے طرفداروں نے حملہ کر دیا تھا کہ امریکی کانگریس میں امریکہ کے صدارتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے نتائج اور جو بائیڈن کی کامیابی کا جائزہ لیا جا رہا تھا تاہم اس وقت ٹرمپ کسی بھی قیمت پر اپنی شکست تسلیم کرنے کے لئے آمادہ نہیں تھے اور ان کا مسلسل یہی دعوی تھا کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ریکارڈ توڑ دھاندلی ہوئی ہے اور یہی نہیں بلکہ انھوں نے اپنے حامیوں سے پرتشدد مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور اپنے حامیوں کو امریکی کانگریس کی عمارت پر حملہ کرنے پر اکسایا۔

ٹیگس