Mar ۲۰, ۲۰۲۱ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
  •  برطانیہ، ائرپورٹ ملازمين نے ہڑتال کی دھمکی دیدی

برطانیہ میں تنخواہوں میں کٹوتی کے خلاف ہیتھرو ائرپورٹ کے ملازمین نے ہڑتال کی کال دیدی۔

برطانیہ کے معروف اور مصروف ترین ہیتھرو ہوائی اڈے پر کام کرنیوالے ہزاروں ورکرز نے ہڑتال کا عندیہ دیدیا۔ فائر فائٹرز اور انجینئروں سمیت ہزاروں ہیتھرو کارکنان تنخواہوں اور دیگر مطالبات کے حق میں ہڑتال کریں گے۔

 ہزاروں کارکنوں کو کمپنی کی جانب سے افرادی قوت کو برطرف کرنے ، تنخواہوں میں کمی اور شرائط کو کم کرنے کے فیصلے پر ایک طویل عرصے سے جاری تنازع کے تحت آنے والے ہفتوں میں ہڑتالوں کا سلسلہ شروع کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس موسم بہار میں ہڑتالوں کا سلسلہ شروع کیا جا ئے گا۔ ٹارگٹڈ ہڑتال کے تحت جمعہ 2 اپریل سے اتوار 25 اپریل تک مطالبات کیلئے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا انجینئرنگ، ہوائی جہاز کے آپریشن ، لینڈ سائڈ آپریشن ، فائر سروس ، کیمپس سیکیورٹی اور سنٹرل ٹرمینل آپریشن سمیت دیگر شعبہ جات کے ورکرز بھی ہڑتال میں شامل ہوں گے۔

ہیتھرو ائیر پورٹ کے مسافروں کی تعداد 1960 کی دہائی کے بعد سے رواں سال فروری میں مغربی لندن کے ہوائی اڈے پر صرف4لاکھ 61 ہزار کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، تاہم ہیتھرو ایئرپورٹ حکام نے بارڈر فورس کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا وائرس کی تحقیقات کی وجہ سے چھ گھنٹے کی امیگریشن قطار کو روکنے کے لئے تیز ترین اقدامات کو یقینی بنائیں۔

ٹیگس