Mar ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۹ Asia/Tehran
  • پندرہ ہزار مہاجر بچے، امریکی حراست گاہوں میں قید

بائیڈن کے انتخابی وعدوں کے باوجود، حکومت امریکہ نے پندرہ ہزار سے زائد بچوں کو کسی سرپرست کے بغیر، سرحدی حراست گاہوں میں قید کر رکھا ہے۔ دوسری جانب سیکڑوں افراد نے ایشیائی نژاد لوگوں کے ساتھ نفرت آمیز اور امتیازی سلوک کے خلاف ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا میں مظاہرے کیے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایٹلانٹا سٹی کی مرکزی شاہراہوں پر مارچ کرنے والوں نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر، ہم وائرس نہیں، ایشیائیوں کے خلاف نفرت بند کرو جیسے نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے ریاستی اسمبلی کے سامنے علامتی دھرنا بھی دیا جس سے شہری اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے رہنماؤں نے خطاب کیا۔
امریکی ذرائع ابلاغ نے منگل کےروز مغربی جارجیا میں تین مختلف مقامات پر فائرنگ اور کم سے آٹھ افراد کے مارے جانے کی خبریں جاری کی تھیں جن میں سے چھے ایشیا نژاد امریکی تھے۔
خبروں کے مطابق ان افراد کا قتل ایسے وقت میں انجام پایا ہے جب پچھلے ایک برس کے دوران، کورونا وائرس کے پھیلاو کے بہانے، امریکیوں کی جانب سے ایشیائی نژاد لوگوں کے خلاف نفرت کے واقعات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کا آغاز سب سے چین کے شہر ووھان سے ہوا تھا۔

امریکہ میں کورونا کے وائرس کے آغاز میں اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر الزام تراشی کرتے ہوئے اسے چینی وائرس یا ووھان وائرس کا نام دینے کی کوشش کی تھی جو امریکہ میں ایشیائی نژاد شہریوں کے خلاف نفرت اور تشدد کی لہر میں تبدیل ہوگئی تھی۔
غیرسرکاری ادارے، گن وائیلینس آرکائیو کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق امریکہ میں دسمبر دوہزار بیس کے آغاز تک فائرنگ کے واقعات میں سترہ ہزار چار سو افراد قتل جبکہ چھتیس ہزار زخمی ہوچکے تھے۔


دوسری جانب سی بی ایس نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ پندرہ ہزار سے زائد مہاجر بچے سرحدی حراست گاہوں میں بغیر کسی سرپرست کے قید ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پانچ سو بچوں کو امریکی محکمہ کسٹم کے قائم کردہ سرحدی خیموں میں رکھا جارہا ہے جبکہ پندرہ ہزار دیگر دوسرے حراستی مراکز میں قید ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ پچھلے اکیس روز کے دوران امریکہ پہنچنے والے پانچ سو سے زائد، کم سن بچوں کو ان کے والدین سے الگ کرکے مخصوص حراست گاہوں میں بند کیا گیا ہے اور حکام کو توقع ہےکہ مارچ کے اختتام تک یہ تعداد نو ہزار چارسو تک پہنچ جائے گی۔
اگرچہ صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں اپنے انتخابی وعدوں کا آغاز، ٹرمپ کی ایمیگریشن پالیسیوں پر خط بطلان کھینچ کر کیا تھا تاہم اب تک اس سلسلے میں کوئی واضح قدم نہیں اٹھایا۔
امریکی بارڈر سیکورٹی فورس کے جاری کردہ رسمی اعداد و شمار کے مطابق فروری کے مہینے میں تقریبا ایک لاکھ تارکین وطن کو میکسیکو کی سرحدوں سے گرفتار کیا گیا ہے جو سن دوہزار چھے کے بعد سے گرفتار ہونے والے مہاجرین کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

 

خبروں  کے لئے ہمارا نیا فیس بک پیج جوائن کيجئے 

 ٹویٹر پر ہمیں فالو کریں 

یوٹیوب پر ڈراموں کے لئے سبسکرائب کریں 

ٹیگس