Mar ۲۵, ۲۰۲۱ ۲۱:۱۱ Asia/Tehran
  • نیٹو کو ماسکو کے بارے میں کسی ایک راستے کا انتخاب کرنا ہو گا، روس

روس کے اعلی عہدیداروں نے ماسکو کی جارحانہ پالیسیوں کے بارے میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے بیان کے ردعمل میں اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ نیٹو دنیا میں حقیقی خطرات کی جڑ ہے، کہا ہے کہ بریسلز کو چاہئے کہ نیٹو کے رکن ملکوں میں پائے جانے والے مسائل پر توجہ دے اور روس کے بارے میں اپنا موقف واضح کرے۔

تاس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے دفتر خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ینس اسٹولٹنبرگ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کو چاہئے کہ روس کے بارے میں بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے اپنے رکن ملکوں میں پائی جانے والی مشکلات پر توجہ دے۔

اس سے قبل نیٹو کے سیکریٹری جنرسل نے کہا تھا کہ روس پڑوسی ملکوں میں عدم استحکام کا باعث بنا ہوا ہے جو مسلسل اپنی فوجی طاقت بڑھا رہا ہے اور جارحانہ پالیسیاں جاری رکھے ہوئے ہے نیز روس میں اندرونی مخالفین کو کچلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس سے قبل ویانا میں فوجی سلامتی اور ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق مذاکرات میں روس کے مذاکرات کار وفد کے سربراہ کنسٹنٹائن گاوریلوف نے کہا تھا کہ نیٹو کو روس کے بارے میں تعاون اور یا محاذ آرائی میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کرنا ہو گا اس لئے کہ ماسکو کے لئے دو نشستوں پر بیک وقت بیٹھنا ممکن نہیں ہے۔

ٹیگس