Apr ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • نسل پرستی اور پولیس کے اختیارات میں اضافے کے خلاف لندن کی سڑکوں پر مظاہرے

لندن کے شہریوں نے ایک بار پھر ملک میں جاری نسل پرستی اور پولیس کے اختیارات میں اضافے کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔

مرکزی لندن اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر ہونے والے ان مظاہروں میں شریک لوگ بڑے پرامن اور منظم انداز میں، نسل پرستی کی تمام شکلوں کا مقابلہ کرنے اور پولیس کے اختیارات میں اضافے کا بل منسوخ کیے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق برطانوی پولیس نے نسل پرستی اور پولیس کے اختیارات میں اضافے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے کم سے کم چھبیس افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں نسل پرستی اور پولیس کے اختیارات میں اضافے کے خلاف تسلسل کے ساتھ مظاہرے کیے جارہے ہیں جنہیں دبانے کے لیے پولیس کی جانب سے طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے جس کے دوران درجنوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

برطانوی وزیراعظم  بورس جانسن نے پولیس کے اختیارات میں اضافے کے خلاف ہونے والے مظاہروں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے پاس کیے جانے والے بل کی حمایت کی ہے۔

شہری اور انسانی حقوق کا دعوی کرنے والے ملک برطانیہ کی پارلیمنٹ نے تین ہفتے قبل ایک متنازعہ بل منظور کیا تھا جس کی رو سے مظاہرین کی سرکوبی کی غرض سے پولیس کے اختیارات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

ٹیگس