کورونا وائرس سب کو اپنی گرفت میں لے گا : ڈبلیو ایچ او کا انتباہ
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والوں کی تعداد ہر ہفتے دوگنا بڑھ رہی ہے -
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈھانوم نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اس کی رفتار پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے ۔
ڈبیلو ایچ او کے سربراہ نے کہا کہ پاپوا نیو گنی جیسے بعض ممالک جو کورونا کے زیادہ پھیلاؤ کو روکنے میں ناکام ہوگئے تھے اس وقت ان ممالک میں کورونا کا پھیلاؤ نہایت تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔
درایں اثنا فرانس کے وزیراعظم نے اپنے ملک میں کورونا کی خطرناک تیسری لہر کے بارے میں خبردار کیا ہے ۔ فرانس کے وزیراعظم جان کیسٹیکس نے کہا ہے کہ اگرچہ کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں ٹھہراؤ اوراس کی شدت کے سلسلے میں امیدوار کن علامتیں ظاہرہورہی ہیں تاہم اس ملک میں کورونا کی تیسری لہر ختم ہونے میں وقت لگے گا۔ فرانس کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق فرانس میں گذشتہ چوبیس گھنٹے میں مجموعی طور پر کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والوں کی تعداد تیس ہزارچار سو بہتراور مرنے والوں کی تعداد تین سو نو ہے ۔
دوسری جانب جرمنی کی پارلیمنٹ کے سامنے کورونا کی روک تھام کے لئے ضروری طبی ہدایات اور پابندیوں سے متعلق ترمیمی بل کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے ہیں ۔
جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے چند روز قبل ایک ترمیمی بل پیش کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ اگر یہ بل منظور ہوگیا تو حکومت کو پورے ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی طور پر نئی پابندیاں نافذ کرنے کا اختیار حاصل ہو جائے گا۔
ایک اور خبر کے مطابق جرمنی میں کورونا کی وبا اورویکسین کی کمی کی بنا پر جرمن شہری کورونا ویکسین لگوانے کے لئے ہرہفتے فرنکفورٹ سے ماسکو کا سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔
ایک ٹراویل ایجنسی کے مینیجر ہانس بلانک کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لینے کے لئے روس کا سفر کرنے پر بارہ سو سے تین ہزار یورو کا خرچ آتا ہے۔
امریکہ میں بھی بڑے پیمانے پر کورونا ویکسینیشن اور اس وبا کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومتی پروگراموں کے باوجود مجموعی طور پر کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے ۔
ورلڈ میٹر کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں امریکہ میں مجموعی طور پر چوہتر ہزار چار سو اناسی افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں ۔
اس رپورٹ کے مطابق امریکہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آٹھ سو پچانوے افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں ۔
دنیا میں تئیس اعشاریہ نو فیصد کورونا کے مریض امریکہ میں ہیں ۔