May ۲۴, ۲۰۲۱ ۲۲:۳۲ Asia/Tehran
  • جارج فلائڈ کی پہلی برسی پر مینا پولیس میں مظاہرے

امریکی پولیس کے ہاتھوں جارج فلائڈ کے قتل کی پہلی برسی کے موقع پر مینا پولیس کی سڑکوں پر سیکڑوں لوگوں نے مظاہرہ کیا۔

سیاہ فام امریکی شہید جارج فلائڈ کے رشتہ داروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت سیکڑوں افراد نے سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں جارج فلائڈ کے وحشیانہ قتل کو ایک سال پورا ہونے پر عدالت کے سامنے نسل پرستی اور پولیس کے تشدد کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین اپنے ہاتھوں میں جارج فلائڈ اور پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے امریکہ میں عدم مساوات اور نسل پرستی کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور نعرہ لگایا کہ ہماری گردنوں سے اپنے زانوؤں کو ہٹاؤ۔

قابل ذکر ہے کہ پچیس مئی دوہزار بیس کو سفید فام امریکی پولیس افسر نے اپنے زانو سے تقریبا نو منٹ تک سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائڈ کی گردن دبائے رکھی یہاں تک کہ اس کا دم نکل گیا۔

وحشیانہ طریقے سے جارج فلائڈ کے قتل کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد امریکہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں نسل پرستی اور پولیس کے تشدد کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہو گئے تھے جو امریکہ کے بعض شہروں میں اب بھی بدستور جاری ہیں۔

ٹیگس