امریکہ، شبانہ پارٹی کے اختتام پر اجتماعی فائرنگ، کءی ہلاک و زخمی
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ایک شبانہ پارٹی کے دوران ہونے والے اجتماعی فائرنگ میں کم سے کم تین افراد ہلاک اور چھے دیگر زخمی ہوگئے۔
میامی پولیس چیف فریڈی ریمرز نے بتایا ہے کہ، پارٹی کے اختتام پر مقامی وقت کے مطابق رات دوبجے کے قریب ، ایک یا دو گاڑیوں میں سوار افراد نے مہمانوں پر فائرنگ کی ہے۔
پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دو افراد ، وہی تھے جنہوں نے فائرنگ کی تھی کیونکہ فرار ہوتے وقت ان کی گاڑی دیوار سے جا ٹکرائی ۔
امریکہ میں فائرنگ کے اعداد و شمار جمع کرنے والے غیر سرکاری مرکز، گن وائلنس آرکائیو کے مطابق پچھلے پانچ ماہ کے دوران ، ملک بھر میں اجتماعی فائرنگ کے دو سو اکتیس واقعات ریکارڈ ہوئے ہیں۔
سن دوہزار انیس میں امریکہ میں اجتماعی فائرنگ کے چار سو سترہ واقعات رونما ہوئے تھے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد چھے سو واقعات تک پہنچ گئی تھی۔