اجتماعی قبر کی دریافت پر پاپ فرانسس کا ردعمل، معافی مانگنے سے گریز
کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی رہنما پاپ فرانسس نے کینیڈا کے مشنری اسکول میں اجتماعی قبر کی دریافت کے بارے میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے معافی مانگنے سے گریز کیا ہے۔
نیوز ایجنسی فارس کے مطابق، پاپ فرانسس نے اتوار کے روز سینٹ پیٹرس اسکوائر پر ایک مذہبی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کے عوام اور اس ملک کے اصلی باشندوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا تاہم اس واقعے میں کلیسا کے کردار پر کوئی معافی نہیں مانگی۔
پاپ فرانسس نے کینیڈا کے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ حقائق کا پتہ لگانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کریں۔
پاپ فرانسس کا یہ بیان کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے بیان کے دو روز کے بعد سامنے آیا ہے۔دور روز قبل جسٹن ٹروڈو نے کیتھولک کلیسا سے اپیل کی تھی کہ وہ اسکول انتظامیہ کی حیثیت سے، اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معافی مانگے۔
قابل ذکر ہے کہ انتیس مئی دوہزار اکیس کو، کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں واقع ایک متروکہ بورڈنگ اسکول سے دو سوپچاس بچوں کی اجتماعی قبر دریافت ہوئی تھی۔
یہ لاشیں کینیڈا کے اصلی باشندوں کے بچوں کی ہیں جنہیں، مہذب بنانے کے نام پر ان کے ماں باپ سے جبری طور پر علیحدہ کر کے کلیسا کے زیرانتطام چلنے والے بورڈ نگ اسکولوں میں رکھا جاتا تھا۔