امریکہ میں فائرنگ، تین بچے جاں بحق و زخمی
امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں ایک نو سال کی لڑکی جاں بحق اور دو بچے زخمی ہو گئے۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹسویل کے ویلسن لی روڈ پر پیر کو مقامی وقت کے مطابق سات بجے شام کو ایک مرسڈیز کار سے مسلح شخص نے فائرنگ کرنا شروع کر دی جس کے نتیجے میں ایک نو سال کی لڑکی اور ایک سات سال کا بچہ شدید زخمی ہو گیا جنہیں اسپتال پہنچایا گیا تاہم لڑکی زندگی کی بازی ہار گئی ۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا دوسرا واقعہ تقریبا نوے منٹ بعد نیوبرن روڈ پر پیش آیا جس میں ایک دس سال کے لڑکے کو گولی لگی اور وہ زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق یہ فائرنگ بھی بظاہر ایک ہیونڈای آکورڈ کے اندر سے کی گئی ہے اور حملہ آور بھاگ نکلنے میں کامیاب رہا۔
امریکہ میں ہتھیار رکھنے کی کھلی چھوٹ ہے جس کے باعث پورے ملک میں تشدد کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے تاہم اسلحہ لابی اس قدر مضبوط ہے کہ امریکی کانگریس بھی اسے محدود کرنے کے لئے کوئی قانون بنانے میں بے بس نظرآتی ہے
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں یکم دسبمر دو ہزار بیس تک سترہ ہزار چار سو سے زیادہ افراد کو آتشیں ہتھیاروں سے قتل اور چھتیس ہزار سے زیادہ کو زخمی کیا جا چکا ہے۔