سابق صدر کی گرفتاری پر جنوبی افریقہ میں فسادات پھوٹ پڑے
جنوبی افریقہ میں سابق صدر کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں میں متعدد افراد ہلاک، سیکڑوں کو گرفتار کرلیا گيا۔
جنوبی افریقہ کے سابق صدر زوما کو جیل بھیجنے پر ملک بھر میں فسادات پھوٹ پڑے، جن میں اب تک 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مختلف شہروں میں املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور کئی اسٹورز کو بھی لوٹ لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق زوما کے آبائی صوبے کے شہر پیٹرمرزبرگ میں کئی عمارتوں کو آگ لگادی گئی۔
جوہانسبرگ اور ڈربن میں کئی اسٹورز کو لوٹ لیا گیا، لوٹ مار کرنے والوں پر ربر کی گولیاں بھی چلائی گئیں۔ فسادات سے متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔
جنوبی افریقہ کے صدر رامافوسا نے پیر کو خطاب کے دوران کہا کہ دو صوبوں میں 489 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ملک کی تمام سرکاری ایجنسیز کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر زوما کی گرفتاری کرپشن کے الزامات کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔