جرمنی میں طوفانی بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں میں اضافہ
جرمنی میں طوفانی بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
جرمنی میں طوفانی بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھتے ہوئے 33 ہوگئی جبکہ 50 سے زائد افراد بدستور لاپتہ ہیں۔
جرمن حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ گھروں کی چھتوں پر اب بھی لوگ امداد کے منتظر ہیں۔ اکثر مقامات پر فائر بریگیڈ اور امدادی رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سیلاب کے باعث مکانات اور زرعی اراضی کو زیادہ نقصان پہنچا۔
رپورٹوں کے مطابق بعض علاقوں میں ریل کی پٹڑی اور سڑکیں تباہ ہوگئیں جس سے شہریوں کی رفت و آمد بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ جرمنی کی ریاستیں نارتھ رائن ویسٹ فیلیا، سیکسنی اور باویریا بارش سے شدید متاثر ہوئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں ایک ہزار فائر فائٹرز اور 140امدادی کارکن کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ادھر سوئٹزرلینڈ میں بھی ریکارڈ بارش اور طوفانی ہواؤں نے تباہی مچارکھی ہے۔ خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں خطرناک موسم نے نظام زندگی کو درہم برہم کردیا ہے۔ زیورخ میں سڑکیں تالاب بن گئیں ، جب کہ ٹرانسپورٹ اور ٹرین سسٹم کئی گھنٹوں تک متاثررہا۔
بارش اور طوفان کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اْکھڑ گئے اورمواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔