Aug ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • بائیڈن اپنا وعدہ پورا کریں، سعودی عرب کے چہرے سے نقاب الٹیں

گیارہ ستمبر کے واقعے کے متاثرین نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ صدر بائیڈن ،گیارہ ستمبر کے دہشتگردانہ واقعے کے سلسلے میں اپنے انتخابی وعدوں پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق گیارہ ستمبر کے واقعے کے متاثرین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر ہونے والے حملے کے تمام پہلوؤں سے پردہ اٹھایا جائے گا اور اس دہشتگردانہ واقعے میں سعودی عرب کے ملوث ہونے کے سلسلے میں موجود ثبوت و شواہد سامنے لائے جائیں گے لیکن انھوں نے ابھی تک اپنے اس وعدے کو پورا نہیں کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکی صدر ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر ہونے والے حملے میں سعودی عرب کے ملوث ہونے کے سلسلے میں دستاویزات جلد سے جلد منظر عام پر نہیں لاتے تو انھیں گیارہ ستمبر کے واقعے کی بیسویں سالگرہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ گیارہ ستمبر دوہزار ایک کے واقعے کے متاثرین کا کہنا ہے کہ امریکی جسٹس ڈپارٹمنٹ اور فیڈرل انویسٹی گیشن کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہ کئے جانے کی بنا پر گزشتہ برسوں کے دوران سعودی عرب کے خلاف ان کے مقدمات کا کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا

۔گیارہ سمتبر دوہزار ایک کو امریکہ کے اہم مراکز پر حملے کے لئے چار مسافربردار طیارے اغوا کئے گئے تھے جن میں سے دو طیارے ورلڈ ٹریڈ سنٹر اور ایک طیارہ پنٹاگون کی عمارت سے ٹکرایا تھا جبکہ تیسرا طیارہ شانسکویل کے ایک علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ ان حملوں میں دوہزار نو سو ستتر افراد ہلاک اور پچیس ہزار سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس