Aug ۲۳, ۲۰۲۱ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • گروپ سیون کا اجلاس اور طالبان کے خلاف پابندیاں لگانے کی کوشش

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان پر طالبان کا کنٹرول ہوجانے کے بعد برطانیہ اس گروہ کے خلاف پابندیاں لگوانے کے لئے گروپ سات کو رضامند کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

بحران افغانستان کا جائزہ لینے سے متعلق گروپ سات کا ہنگامی اجلاس تشکیل دینے کے لئے برطانوی وزیر اعظم بوریس جانسن کی اپیل کے بعد اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لندن، طالبان گروہ کے خلاف نئی پابندیاں لگائے جانے کی کوشش کر رہا ہے۔

روئیٹرز خبر رساں ایجنسی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ برطانوی حکومت، جی سیون کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اس گروپ کے اراکین کو طالبان کے خلاف نئی پابندیاں لگوانے کے لئے رضامند کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لندن کا کہنا ہے کہ طالبان افغانستان میں اگر انسانی حقوق کو پایمال کرتے ہیں یا اس ملک کو دہشت گردوں کی پناہگاہ بناتے ہیں تو طالبان کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کردی جائیں۔

البتہ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ فوری طور پر اس قسم کی پابندیوں کی منظوری ملنا مشکل ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی وزیر اعظم کی درخواست پر گروپ سات کا سربراہی اجلاس، منگل کو منعقد ہو رہا ہے جس میں افغانستان کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

ٹیگس