Sep ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • کانگریس کو خطرہ، ایک بار پھر باڑ لگانے کی تیاری

امریکی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے اپنے حامیوں سے ایک بار پھر اجتماع کرنے کی اپیل کے بعد کانگریس کے اطراف میں سیکورٹی حصار پھر نصب کئے جاسکتے ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق کانگریس کی عمارت پر حملے کو آٹھ مہینے گزرنے کے باوجود امریکی پولیس، دھمکی آمیز پیغامات ملنے کے باعث دوبارہ باڑ نصب کرنے کی فکر میں ہے۔ امریکہ کے ایک سیکورٹی عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ امریکی پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں کے جمع ہونے کی معینہ تاریخ سے پہلے سیکورٹی حصار دوبارہ قائم کئے جائیں کیونکہ حالیہ دنوں میں واشنگٹن میں سیکورٹی حکام کو کئی بار ہنگامی حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی کانگریس کی حفاظت پر مامور پولیس نے پیر کو کیلیفورنیا کے ایک سفید فام نسل پرست شہری کو واشنگٹن میں ڈیموکریٹک پارٹی کے دفتر کے قریب ایک  پک اپ  کے ساتھ گرفتار کیا ہے جس میں کئی چاقو رکھے ہوئے تھے۔ یہ پک اپ ڈیموکریٹک پارٹی کے دفتر کے قریب پارک کی گئی تھی۔ 

یہ گرفتاری ایسے عالم میں انجام پائی ہے کہ اٹھارہ ستمبر کو کانگریس پر حملے کے حامیوں نے  ایک بار پھر وہاں اکٹھا ہونے کا اعلان کیا ہے۔ سابق امریکی صدر ٹرمپ کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد ان کے حامیوں نے چھے جنوری دو ہزار اکیس کو کانگریس کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا جس میں کم سے کم چھے افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

 

ٹیگس