Sep ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • برطانیہ میں پٹرول کا بحران، فوج ہائی الرٹ

برطانیہ میں پٹرول کے بحران اور ممکنہ طور پر ہونے والے احتجاج کو روکنے کیلئے فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

برطانیہ میں پیٹرول پمپ خالی ہیں اور تیل کے لئے گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔اس صورت حال کے بعد حکومت برطانیہ نے منگل کو فوج کو کسی بھی طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق برطانوی فوج کے ٹینکروں کے ڈرائیوروں نے بھی ایندھن کی سپلائی میں مدد کے لئے منگل سے خصوصی ٹریننگ حاصل کرنا شروع کردی ہے۔ ایندھن کی کمی کے باعث سنیچر سے بعض پیٹرول پمپ بند ہو جانے کے بعد پورے برطانیہ میں پیٹرول حاصل کرنے کے لئے لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جن کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

اس سے قبل رپورٹوں میں بتایا گیا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن پیٹرول کے ٹینکروں کی حفاظت کے لئے فوج تعینات کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

برطانیہ میں ایندھن کا بحران پیدا ہونے سے پیٹرول پمپوں کے سامنے لمبی لمبی قطاریں لگ جانے کے ساتھ ہی پورے ملک میں پیٹرول اسٹیشنوں کی طرف جانے والی سڑکوں پر ٹریفک جام بھی ہو گیا ہے جس کے باعث عام خدمات سمیت مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر افراتفری مچ گئی ہے اور حالات بحرانی ہو گئے ہیں۔

ایندھن کی قلت کی بنا پر عام سروسز سمیت تمام شعبوں میں دسیوں ہزار برطانوی گھروں میں بیٹھنے اور گھر سے کام کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ برطانیہ کے اہم شہروں کے پیٹرول اسٹیشنوں کے نوے فیصد ایندھن کے ذخائر ختم ہو گئے ہیں اور جو باقی ہیں وہ بھی جلد ختم ہو جائیں گے۔

برطانیہ میں پیٹرول پمپ مالکین کی یونین نے تیل فراہم کرنے والے اسٹیشنوں کے دوتہائی ذخائرختم ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتدریج تمام پیٹرول اسٹیشنوں کے ایندھن کے ذخائر ختم ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

جرمنی کے وزیرخزانہ اولاف شولٹس نے بھی کہا ہے کہ ٹرک ڈرائیوروں کی کمی اور پیٹرول کا بحران جو برطانیہ میں اس ہفتے کے آغاز سے شروع ہوا ہے، اس میں شدت آگئی ہے اور یہ مسئلہ برگزیٹ سے مربوط ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق برطانیہ کو بریگزیٹ کے نتائج کی تلافی کے لئے تقریبا نوے ہزار ڈرائیوروں کی کمی اور کورونا کے  پھیلاؤ کا سامنا ہے۔

اس کے ساتھ ہی اپنی گاڑیوں کے لیۓ پیٹرول حاصل کرنے کے لئے برطانوی شہریوں کا ہجوم آئل ٹینکروں کی کمی کی بنا پر شدت اختیار کر گیا ہے۔ حکومت برطانیہ کا دعوی ہے کہ ملک میں ایندھن کی قلت نہیں ہے بلکہ ضرورت کے مطابق ایندھن پہنچانے والے ٹرک ڈرائیور موجود نہ ہونے کی بنا پر یہ حالات پیدا ہوئے ہیں۔

ٹیگس