Oct ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  • برطانیہ میں پیٹرول بحران سے نمٹنے کے لیے فوج طلب

برطانوی حکومت نے برطانیہ میں پیٹرول بحران سے نمٹنے کے لیے فوج کو طلب کرلیا ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پیر سے آرمی ٹینکر ڈرائیور پیٹرول اسٹیشن تک پیٹرول پہنچائیں گے۔ برطانیہ میں آئل ٹینکر ڈرائیورز کی شدید کمی کے باعث پیٹرول کی ترسیل چیلنج بن گئی ہے اور عوام کئی روز سے شدید پریشانی  سے دوچار ہیں۔

برطانوی حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی ٹینکرز ڈرائیورز جلد تعینات کیے جائیں گے تاکہ ملک میں جاری ڈرائیوروں کی کمی کی وجہ سے پیٹرول کی قلت میں حکومت کو عارضی طور پر مدد فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں پیٹرول پمپس خالی ہیں اور پٹرول کے لئے گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔اس صورت حال کے بعد حکومت برطانیہ نے منگل کو فوج کو کسی بھی طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

برطانیہ میں ایندھن کی قلت کی بنا پر عام سروسز سمیت تمام شعبوں میں دسیوں ہزار برطانوی گھروں میں بیٹھنے اور گھر سے کام کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ برطانیہ کے اہم شہروں کے پیٹرول اسٹیشنوں کے نوے فیصد ایندھن کے ذخائر ختم ہو گئے ہیں اور جو باقی ہیں وہ بھی جلد ختم ہو جائیں گے۔

برطانیہ میں پیٹرول پمپ مالکین کی یونین نے تیل فراہم کرنے والے اسٹیشنوں کے دوتہائی ذخائرختم ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتدریج تمام پیٹرول اسٹیشنوں کے ایندھن کے ذخائر ختم ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

ٹیگس