افغانستان کو قحط کا خطرہ ہے، اسکی فوری امداد ضروری ہے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ رکن ممالک کی جانب سے افغانستان کی انسان دوستانہ امداد کے لئے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی فراہمی کے وعدوں کے باوجود اب تک صرف تیرہ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر ہی موصول ہوئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارۂ امدادی فنڈ کی ڈائریکٹر نتلیا کنم نے افغانستان کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس ملک میں قحط کے خطرے کی بابت سخت انتباہ دیا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ افغانستان میں لوگوں کی صورت حال ناگفتہ بہ بنی ہوئی ہے جبکہ سردی کا موسم آتا جا رہا ہے اور ایک تہائی افغان عوام کو قحط کا خطرہ لاحق ہے۔
اس سے قبل عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بھی خبردار کیا تھا کہ افغانستان کو زوال کا خطرہ لاحق ہے جس کے نتیجے میں اس ملک میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔
دوسری جانب تکنیکی و فوجی تعاون کے روسی محکمہ خدمات کے سربراہ نے کہا ہے کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں پائی جاتی کہ افغانستان میں موجود امریکی اسلحہ، بلیک مارکٹ منتقل نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ یہ اسلحہ اگر دہشت گرد گروہوں کے ہاتھ لگ گیا تو نہ صرف افغانستان بلکہ علاقے کے تمام ملکوں کے لئے بڑا خطرہ بن جائے گا۔