Oct ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۴:۱۷ Asia/Tehran
  • ٹی 20 ورلڈ کپ؛ سری لنکا اور آئرلینڈ نے اپنے حریفوں کو ہرایا

ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے پہلے راؤنڈ کے دو میچوں میں سری لنکا نے نمیبیا کو اور آئر لینڈ نے نیدر لینڈ کو سات سات وکٹ سے شکست دے دی۔

ابوظبی کے زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے راؤنڈ کے میچ میں پہلے بازی کرتے ہوئے نمیبیا کے سلامی بلے باز اسٹیفن بارڈ  دس رن کے اسکور پر اور دوسرے سلامی بلے باز زین گرین انتس رن کے اسکور پر ہی پویلین کو لوٹ گئے ۔
کریگ ولیمز اور کپتان جیرہارڈ ایراسمس نے اسکور اڑسٹھ تک پہنچایا ہی تھا اس کے بعد ایراسمس بیس رن بناکے اور ان کے بعد کریگ ولیمز انتس رن بناکے آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد نمیبیا کا کوئی بھی کھلاڑی سری لنکن گیندبازوں کے سامنے ٹک نہ سکا اور پوری ٹیم چھیانوے رن پر ڈھیر ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بلے بازی کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور 26 رن پر اس کے تین بلے باز آؤٹ ہوگئے۔
لیکن اس کے بعد آوشکا فرنینڈو اور بھنوکا راجاپکسے جم گئے اور ان کی چوہتر  رن کی شراکت سے سری لنکا نے میچ میں سات وکٹ سے جیت کر دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے ایک اور میچ میں نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن اس کے بلے باز آئرلینڈ کی طوفانی گیندبازی کے سامنے نہ ٹک سکے۔

آئرلینڈ کے گیند باز کرٹس کیمفر نے چار گیندوں پر چار وکٹ لے کے تہلکہ مچا دیا۔ آئرلینڈ کے دوسرے بولر مارک ایڈیئرنے تین وکٹ لئے اور نیدر لینڈ کی پوری ٹیم بیس اوور میں ایک سو چھے رن پر آؤٹ ہوگئی ۔
جوابی بلے بازی میں آئرلینڈ نے نیدر لینڈ کو سات وکٹ سے شکست دے کر دو پوائنٹ حاصل کرلئے ۔

ٹیگس