روس کا امریکی فوجی نقل و حرکت کی بابت سخت انتباہ
روس نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ یوکرین کی سرزمین کو اس کے خلاف استعمال کرنے سے باز رہے۔
روسی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ یوکرین کی سرزمین کو کام میں لاتے ہوئے ہماری سرحدوں کے قریب ایک نئے کثیر القومیتی اتحاد کے قیام کی کوشش کر رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماسکو علاقے میں امریکی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسے کسی بھی اقدام کا مناسب جواب دینے سے گریز نہیں کرے گا۔اس سے پہلے روس کے وزیر دفاع سرگئی شویگوف نے کہا تھا کہ امریکی بحری بیڑہ روسی دفاعی طاقت کا اندازہ لگانے کی غرض سے بلیک سی میں داخل ہورہا ہے اور ہم ان کی حرکات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ اور نیٹو نے یورپ کے خلاف روسی خطرات کو بہانہ بنا کر، مشرقی یورپ میں روس کی سرحدوں کے قریب فوجی اور انٹیلی جینس نقل و حرکت میں اضافہ کردیا ہے۔امریکہ اور روس کے تعلقات سن دوہزار چودہ سے انتہائی کشیدہ چلے آرہے ہیں۔