برطانیہ میں انرجی سپلائی کرنے والی کمپنیاں مالی بحران کا شکار
برطانیہ میں انرجی فراہم کرنے والی ایک اور کمپنی دیوالیہ ہوگئی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق زوگ انرجی برطانیہ میں انرجی سپلائی کرنے والی پچیسویں بڑی کمپنی ہے۔ اس کمپنی نے اپنے صارفین کو ایمیل بھیج کر اعلان کیا ہے کہ اس نے برطانیہ میں انرجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی پر نگرانی کرنے والے ادارے کو بھی اپنے دیوالیہ ہونے کی خبر دے دی ہے تاکہ حکومت کو کوئی متبادل کمپنی متعارف کرائی جائے۔
برطانیہ میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کمپنیاں اپنے صارفین کے ساتھ کئے گئے طویل مدت معاہدے پر عمل نہیں کر پا رہی ہیں اور دیوالیہ ہو رہی ہیں۔
گذشتہ تین مہینے کے دوران برطانیہ میں تقریبا چالیس لاکھ صارفین کو انرجی سپلائی کرنے والی دسیوں کمپنیاں دیوالیہ ہوچکی ہیں۔ برطانیہ کی ایک تحقیقاتی کمپنی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اس ملک میں گیس کی قیمتوں میں سن دوہزار بیس کے مقابلے میں پانچ سو بیس فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔
برطانیہ میں انرجی کی منڈی کا مبہم مستقبل اور موجودہ صورت حال کے پیش نظر رائے عامہ میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ برطانیہ کی لیبر پارٹی نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ بحران پیدا کرنے میں انرجی سپلائی کرنے والی بڑی کمپنیوں کے ساتھ شریک ہے۔