Dec ۰۳, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  •  اقوام متحدہ کے مرکزی دروازے پر موجود مسلح شخص گرفتار

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرزکے باہرسے مسلح شخص کوگرفتارکرلیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے سامنے سے مسلح شخص کو گرفتار کرکے شاٹ گن برآمد کرلی گئی۔ مسلح شخص  سے ایک بیگ اوردستاویزات بھی برآمد ہوئیں۔ پولیس حکام نے بیان میں کہا کہ مشکوک مسلح شخص کی اطلاع پرپولیس نے اقوام متحدہ کی عمارت اورقریبی گلیوں کا محاصرہ کیا جو تین گھنٹے جاری رہا۔ مسلح شخص اقوام متحدہ کے مرکزی دروازے پرموجود تھا۔ مسلح شخص نے پولیس کودیکھ کرگن اپنی ٹھوڑی کے نیچے رکھ لی تاہم گولی نہیں چلائی۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مسلح شخص نے ابتدائی تحقیقات میں کہا کہ وہ کچھ دستاویزات اقوام متحدہ کے دفترمیں دینا چاہتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ہرزاویے سے تحقیقات کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ چند گھنٹے قبل امریکی شہر نیویارک میں پولیس کی جانب سے ایک مسلح شخص کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر دیکھا گیا جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر یو این ہیڈکوارٹر کو گھیرے میں لے لیا۔

اقوام متحدہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک نامعلوم شخص نے ہیڈکوارٹر کے انٹری گیٹ کے قریب پہنچ کر خود کو جان سے مارنے کی دھمکی دی جس کے فوراً بعد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے تمام گیٹ بند کردیے تاہم ہیڈ کوارٹر کے اندر ہونے والی میٹنگ پر کوئی اثر نہیں پڑا اور وہ بغیر کسی مداخلت کے چلتی رہی۔

ٹیگس