امریکہ میں خوفناک طوفان، بڑے پیمانے پر تباہی
امریکہ کی مختلف ریاستوں میں شدید طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے جس میں اب تک کم سے کم پچاس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
طوفان سے سب سے زیادہ تباہی ریاست کینٹکی میں ہوئی جہاں ایک فیکٹری کی چھت گرنے سے متعدد افراد ہلاک ہوگئے - ریاست کینٹکی کے گورنر نے کہا ہے کہ شدید طوفانی بگولوں سے پچاس افراد کے ہلاک ہونے کی خبریں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شدید طوفان میں مرنے والوں کی تعداد سو تک پہنچ سکتی ہے۔
طوفان سے بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ریاست کینٹکی میں تاریخ کا سب سے شدید طوفان ہے۔ امریکی میڈیا نے خبردی ہے کہ خوفناک سمندری طوفان کے بگولوں نے کینٹکی اور بعض دیگر ریاستوں میں گھروں کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے۔ کینٹکی کے علاوہ آرکنساس ، الینوئے ، ٹینیسی اور میسوری ریاستوں میں بھی شدید طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔