نائیجیریا کی ایک مسجد پر حملہ، 15 افراد جاں بحق
نائیجیریا میں مسلح افراد نے ایک مسجد پر حملہ کر کے پندرہ نمازیوں کو قتل کردیا۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق مغربی افریقی ملک نائیجیریا کے دیہی علاقے بائرہ کی ایک مسجد پر مسلح افراد نے نماز کے دوران نمازیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پندرہ نمازی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو کونٹاگرا کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔
مقامی حکام کے مطابق یہ دلخراش واقعہ نائیجیریا کے صوبے مشیگو علاقے کے ایک گاؤں میں، اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل پر سوار درجنوں مسلح حملہ آوروں نے گاؤں پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے مسجد میں عبادت کرنے والے افراد پر فائرنگ کرتے ہوئے لوٹ مار بھی کی۔
واضح رہے کہ چھبیس اکتوبر دو ہزار اکیس کو بھی مسلح افراد نے دیہی علاقے مازاکوکا کی ایک مسجد پر حملہ کر کے کم از کم اٹھارہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ نائیجیریا کے عوام اپنے ملک کے صدر محمدو بوہاری کی پالیسی اور طرز عمل پر کڑی نکتہ چینی کرتے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کہ وہ ان کی حکومت کو ناکام قرار دیتے ہیں۔