Dec ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  • نتنیاہو کبھی بھی صلح کے خواہاں نہیں رہے، سابق امریکی صدر ٹرمپ کا انکشاف

سابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ سابق صیہونی وزیر اعظم نتنیاہو کبھی بھی فلسطینیوں کے ساتھ صلح کے خواہاں نہیں تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ صیہونی وزیر اعظم بنیامن نتنیاہو نے 12 سال تک وزارت عظمی کے عہدے کے دوران کبھی بھی فلسطینیوں کے ساتھ امن کا ارادہ نہیں کیا۔

ٹرمپ نے ویب سائٹ exios.com سے انٹرویو میں کہا: میرے خیال میں نتنیاہو کا کبھی بھی صلح کا ارادہ نہیں رہا، میں نے پوری زندگی دوسروں کے ساتھ معاملے کئے ہیں، اس بنیاد پر میں نے نتنیاہو کے ساتھ تین منٹ کی گفتگو میں اندازہ کر لیا تھا کہ وہ کبھی بھی فلسطینیوں کے ساتھ صلح نہیں چاہتے۔

اس سے پہلے اسی ویب سائٹ پر ٹرمپ کے شائع ہونے انٹرویو میں انہوں نے نتنیاہو کو بے وفا شخص سے تعبیر کیا کیوں کہ نتنیاہو نے جو بائیڈن کے صدر منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دی تھی۔

ٹرمپ نے سابق صیہونی وزیر اعظم سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلا شخص جس نے بايڈن کو مبارکباد دی وہ نتنیاہو تھے، جبکہ میں نے اس شخص کے لئے بڑی کوششیں کی تھیں... وہ خاموش رہ سکتے تھے، انہوں نے بہت بڑی غلطی کی۔

خیال رہے کہ ٹرمپ نے صیہونیوں کو خوش کرنے کے لئے بیت المقدس کو غاصب صیہونی حکومت کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کیا، قدس میں فلسطینیوں کی خدمت کرنے والی امریکی کاؤنسلیٹ کو بند کروایا، امریکی سفارتخانے کو بیت المقدس منتقل کیا، فلسطینی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات توڑ لئے اور امریکہ میں تحریک فتح کے نمائندہ دفتر پر تالے ڈلوا دئے۔ 

 

ٹیگس