امریکہ اور یورپ اومیکرون کے قہر کا شکار
امریکہ اور یورپی ممالک میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ میں شدت کی خبر ہے۔
جان ہوپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس کے چار لاکھ بیس ہزار سے زائد نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جو اس وبا کے آغاز سے اب تک ایک دن میں مبتلا ہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ یہ اعداو شمار امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں خطرناک حد تک اضافے کی نشاندھی کرتے ہیں ۔
لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ ہونے والے جان ہوپکنز یونیورسٹی ڈیٹا بیس کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹےکے دوران پندرہ سو سے زائد امریکی کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب کورونا کے عالمی اعداد و شمار جاری کرنے والی ویب سائٹ ورلڈو میٹر کے مطابق، امریکہ میں جمعرات کو چار لاکھ پینسٹھ ہزار چھے سو ستر مریضوں اور ایک ہزار سات سو ستتر سے زائد اموات کا اندراج کیا گیا جو سرکاری طور پر جاری کیے جانے والے اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔
درایں اثنا امریکہ میں وبائی امراض سے بچاؤ کے ادارے سی ڈی سی کے جاری کردہ اعداد شمار کے مطابق، ملک میں پچیس دسمبر تک سامنے آنے والے کورونا کے مریضوں میں سے تقریبا انسٹھ فی صد افراد نئے ویرینٹ اومیکرون میں مبتلا پائے گئے ہیں۔
مذکورہ امریکی ادارے نے اپنے تخمینے میں، کورونا کے کل مریضوں کے درمیان اومیکرون کے تناسب میں ساڑھے بائیس فیصد کی کمی کردی ہے تاہم اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی کہ ایسا کیسے ممکن ہوا ہے۔
ادھر فرانس میں پہلی بار، کورونا کے نئے مریضوں کی یومیہ تعداد دولاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ فرانس کی وزارت صحت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کوورونا کے دو لاکھ آٹھ ہزار نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
فرانسیسی وزیر صحت لویہ وران نے پیر کی رات بتایا تھا کہ ، ہمیں خدشہ ہے کہ اگلے ماہ جنوری میں کورونا کے مریضوں کی یومیہ تعداد ڈھائی لاکھ یومیہ تک پہنچ جائے گی۔
اسی دوران برطانیہ میں جاری ہونے والی رپورٹوں کے مطابق، ایک ماہ پہلے جب سے ملک میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے قدم رکھا ہے، ہرہفتے تقریبا پانچ سو بچے کورونا میں مبتلا ہورہے ہیں اور انہیں اسپتالوں میں داخل کرانا پڑ رہا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں سامنے آنے والے اومیکرون کے مریضوں میں زیادہ تعداد بچوں اور نوجوانوں کی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اومیکرون وائرس پورے برطانیہ پر سایہ فگن ہے اور لندن دنیا میں اس وائر س سے آلودہ ہونے والا سب سے بڑا شہر بن گیا ہے۔
برطانیہ میں اومیکرون میں مبتلا مریضوں کی حتمی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، تاہم ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اومیکرون کے مریضوں کی تعداد رجسٹرڈ مریضوں سے کہیں زیادہ ہے۔
واضح رہے تقریبا چھے کروڑ ستر لاکھ کی آبادی والے ملک برطانیہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ تئیس لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور اب تک ایک لاکھ تہتر ہزار افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں ۔
کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات کے تعداد کے لحاظ سے برطانیہ دنیا میں بدستور ساتویں نمبر پر ہے۔