Jan ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۹:۴۰ Asia/Tehran
  • بنگلادیش کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو شکست

بنگلادیش نے نیوزی لینڈ کو ماونٹ منگنوئی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔

ماونٹ منگنوئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیشی ٹیم نے میزبان ٹیم کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی ۔
بنگلادیش کے لیے یہ جیت اس لیے بھی اہمیت رکھتی ہے کہ اس نے پہلی بار نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی ہے۔
بنگلادیش کی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ اور ہوم گراؤنڈ سے باہر چھٹی مرتبہ کوئی ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔
ماونٹ منگنوئی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے دوسری اننگ میں جیت کے لیے ملا چالیس رن کا ہدف دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بنگلا دیش کے عبادت حسن نے دوسری اننگ میں نیوزی لینڈ کے چھے کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹیسٹ میچ کی یہ جیت اس لیے بھی تاریخی اہمیت کی حامل بن گئی ہے کہ دس سال بعد پہلی مرتبہ کسی ایشین ٹیم نے نیوزی لینڈ میں کوئی ٹیسٹ جیتا ہے۔اس سے قبل پاکستان نے جنوری دو ہزار گیارہ میں ہملٹن ٹیسٹ جیتا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ نو جنوری سے کھیلا جائے گا۔

 

ٹیگس