Jan ۱۲, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۶ Asia/Tehran
  • چین کا امریکہ سے مطالبہ، افغانستان کے منجمد اثاثوں سے پابندی ہٹائی جائے

چین نے امریکہ سے افغانستان کے اثاثوں پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکہ کی طرف سے افغانستان کے منجمد کئے گئے اثاثوں کی وجہہ سے اس ملک کے عوام کو درپیش شدید مشکلات کے درمیان چین نے امریکہ سے افغانستان کے اثاثوں پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چین کا کہنا  ہے کہ امریکہ افغان عوام کے زخم پر نمک چھڑکنے کے بجائے انکے اثاثوں سے پابندی ہٹائے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ونبین نے پریس کانفرنس میں افغان عوام سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا: حالانکہ امریکی فوجی افغانستان سے نکل چکے ہیں لیکن 20 برس تک قبضے کے برے اثرات پوری شدت سے باقی ہیں۔

انہوں نے افغانستان کی بحرانی صورت حال کے لئے امریکہ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نہ صرف یہ کہ غیر ذمہ دارانہ طور پر افغانستان سے باہر نکلا بلکہ افغان عوام کی اقتصادی صورت حال کو خراب کرنے کے لئے اس ملک کے خلاف یکطرفہ طور پر پابندی بھی لگا دی۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ونبین نے  امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی غلطیوں کی اصلاح کرے، اپنی بین الاقوامی ذمہ داری کو قبول کرے، افغانستان کے اثاثوں کو آزاد کرے، فورا یکطرفہ پابندیوں کو ختم کرے اور افغان عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بجائے جو نقصان انہیں پہونچائے ہیں، ان کا ازالہ کرے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کی جنگ پسندی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 20 برس میں افغانستان میں جنگ سمیت امریکہ کی فوجی کارروائیوں میں 8 لاکھ سے زیادہ لوگ مارے گئے جن میں قریب 3 لاکھ 35 ہزار ‏‏‏عام لوگ تھے۔

ٹیگس