امریکہ میں کورونا سے 8 لاکھ 88 ہزار افراد ہلاک
امریکی ماہرین نے اعتراف کیا ہے کہ نیا کورونا ویرینٹ اومیکرون ، ملک بھر میں پھیل گیا ہے جبکہ حکومت کی بدانتظامی کے سبب ملک بھر کی سپرمارکیٹیں ضروری اشیا سے خالی ہوگئی ہیں۔
ورلڈ میٹرز Worldometers، کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں کورونا سے اب تک 8 لاکھ 88 ہزار 623 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد 71 ملین 728 ہزار557 ہو گئی ہے۔
کورونا کی نئی لہر میں شدت کے پیش نظر متعدد شہروں میں اشیائے صرف کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور سیکڑوں سپرمارکیٹوں کے شیلف گوشت، پھل فروٹ اور حفظان صحت کی چیزوں سے خالی پڑے ہیں ۔
اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے غذائی اشیا کی تقسیم کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور ملازمین کی کمی کی وجہ سے، کارخانوں میں پیداوار کی گنجائش کم ہوجانے کے سبب رسد اور طلب کے درمیان توازن قائم رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔
اگرچہ کورونا ویکسین کی سب سے زیادہ مقدار امریکہ کے پاس ہے اور اس نے ویکسینیشن مہم بھی چلارکھی ہے لیکن کورونا میں مبتلا اور اس سے مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد بھی امریکہ میں ہے۔ کورونا کی نئی قسم اومیکرون کا پھیلاؤ بھی امریکہ میں زیادہ بتایا جاتا ہے۔
دوسری طرف بعض یورپی ملکوں میں کورونا کی نئی لہر کے پیش نظر پابندیاں سخت کئے جانے کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ کورونا کی نئی لہر کی شدت امریکہ کے بعد یورپی ملکوں میں ہی پائی جاتی ہے۔