اومیکرون کے شدید پھیلاؤ پر عالمی ادارۂ صحت کا انتباہ، امریکہ میں بھی کورونا ویکسینیشن کا خاطرخواہ نتیجہ برآمد نہیں ہو رہا
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ دنیا میں نئے کورونا ویرنیٹ اومیکرون کا خطرہ پوری شدت کے ساتھ باقی ہے اور گزشتہ ہفتے کے دوران اس میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران دنیا بھر میں اومیکرون میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور اس کے پھیلاؤ کا خطرہ پوری شدت کے ساتھ باقی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر کی حکومتوں اور عام لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اومیکرون کے بڑھتے ہوئے خطرات کو نظر میں رکھیں اور طبی ہدایات پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کریں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران دنیا بھر میں دو کروڑ دس لاکھ سے زائد افراد نئے کورونا ویریئنٹ اومیکرون میں مبتلا ہوئے ہیں جو پـچھلے سات روز کے دوران کے مقابلے میں پانچ فیصد جبکہ پندرہ روز پہلے کے مقابلے میں بیس فیصد اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران مزید پچاس ہزار افراد اس موذی وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں اومیکرون پوری طرح چھا گیا ہے اور کورونا کی دیگر اقسام کے مقابلوں میں اس میں متبلا ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
ادھر جان ہوپکنز یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی یومیہ تعداد دو ہزار ایک سو اکیانوے تک پہنچ گئی ہے جو دوماہ قبل اومیکرون وائرس کے مشاہدے سے پہلے ہونے والی یومیہ اموات کے مقابلے میں ایک ہزار زیادہ ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دسیوں لاکھ افراد اومیکرون میں مبتلا ہو چکے ہیں اور اسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مختلف امریکی ریاستوں میں اومیکرون کی شدت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور اسپتالوں پر جو دباؤ اس وقت ہے اس کا کورونا کے آغاز سے اب تک مشاہدہ نہیں کیا گیا تھا۔
عالمی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں اور اس سے ہونے والی یومیہ اموات کے لحاظ سے امریکہ بدستور دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ مختلف طرح کی ویکسین تک بھرپور رسائی اور بڑے پیمانے پر انجام پانے والے ویکسینیشن کے باوجود، کورونا وائرس اور خاص طور سے اومیکرون ویریئنٹ کے پھیلاؤ میں آنے والی شدت کی وجہ سے، اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے اور بہت سے اسپتال بیڈ کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو داخل نہیں کر پا رہے۔
ورلڈ ومیٹر نامی ویب سائٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار سے نشاندھی ہوتی ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد سات کروڑ چونتیس لاکھ پچاس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جن میں سے اب تک آٹھ لاکھ چورانوے ہزار آٹھ سو اسی افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔