Jan ۳۱, ۲۰۲۲ ۲۰:۵۶ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا نے میزائل تجربے کی تصدیق کر دی

شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی نے گزشتہ روز انجام پانے والے ایک میزائل تجربے کی تصدیق کی ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے اتوار کی صبح اعلان کیا تھا کہ پیویانگ نے صوبہ چاگانگ سے کوئی نامعلوم چیز بحیرہ جاپان کی جانب فائر کی ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی نےاس خبر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ زمین سے زمین پر مار کرنے والا، ھوآسونگ بارہ ماڈل، کا ایک بیلسٹک میزائل ہے اور اس تجربے کا مقصد اس میزائل کی اسلحہ جاتی سسٹم کی مجموعی صلاحیتوں کو آزمانا ہے۔

رواں سال میں شمالی کوریا کی جانب سے انجام دیا جانے والا یہ ساتواں میزائل تجربہ ہے۔ شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے ابھی حال میں ایک میزائل تجربے کے موقع پر پیونگ یانگ کی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے کا فرمان جاری کیا تھا۔

اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نمائندے کیم سونگ نے بھی زور دے کر کہا ہے کہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانا شمالی کوریا کا قانونی حق ہے اور پیونگ یانگ کسی ملک پر حملے کا ارادہ نہیں رکھتا لیکن جب تک امریکہ اپنی دشمنانہ پالیسیوں سے دستبردار نہیں ہوتا اس وقت تک وہ اپنے میزائل پروگرام سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

 

ٹیگس